ن لیگ کی طرف سے سیالکوٹ ضمنی انتخاب میں دھاندلی کے الزامات سراسر غلط ہیں‘احسن سلیم بریار

10:47 PM, 10 Aug, 2021

لاہور:حلقہ پی پی 38 سیالکوٹ سے نو منتخب رکن پنجاب اسمبلی احسن سلیم بریار نے کہا ہے کہ ن لیگ کی طرف سے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کا الزام بالکل بے بنیاد ہے۔ الیکشن کمیشن نے پی پی 38 کا ضمنی انتخاب کڑی مانیٹرنگ کے ساتھ منعقد کیا۔

احسن سلیم بریار نے کہا کہ حلقہ پی پی 38 میں عوام نے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کو ووٹ دیا ہے، الیکشن کمیشن پوری طرح غیرجانبدار تھا جبکہ انتظامیہ کی غیرجانبداری اور الیکشن کی شفافیت کا اعتراف خود ن لیگ کے رہنمائوں نے الیکشن کے روز شام کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگی رہنما عطا تارڑ نے حلقے میں پی ٹی آئی کی طرف سے ڈھائی تین ارب کے ترقیاتی کام کرانے کا الزام عائد کیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ حلقے میں اگر اتنے پیسے خرچ ہوتے تو اس کی حالت یکسر بدل جاتی جبکہ زمینی حقائق اس کے بالکل برعکس ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا وطیرہ ہے کہ وہ الیکشن ہار جائیں تو دھاندلی کا الزام لگا دیتے ہیں اور جیت جائیں تو وہ الیکشن ان کے نزدیک شفاف ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عطا تارڑ کا پریذائیڈنگ آفیسرز اور فارم45 کے ذریعے الیکشن جیتنے کا الزام سراسر جھوٹ اور بے بنیادہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ن لیگی قیادت کے پاکستان کے اداروں اور ریاست کے خلاف نازیبا بیانات کو عوام نے پذیرائی نہیں بخشی اور حلقے میں ان لوگوں کے لاتعلقی کے رویئے اور بے حسی سے تنگ آ کر عوام نے پی ٹی آئی کو اس امید پر ووٹ دیئے کہ حکومتی جماعت ان کے حلقے میں ترقی اور خوشحالی میں مدد دے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے وکلا کی بہترین ٹیم کی مشاورت سے الیکشن کمیشن میں ن لیگ کی طرف سے لگائے گئے دھاندلی کے الزامات کا جواب دیں گے۔

مزیدخبریں