اسلام آباد: افغان امن عمل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے لیے بھارت ایک بار پھر میدان میں آ گیا، سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کے ذریعے پاکستان مخالف پروپیگنڈا میں بھارت اور افغانستان ملوث نکلے۔
بھارت کی ایک بار پھر دنیا کی آنکھوں پر دھول جھونکنے کی کوشش بے نقاب ہو گئی۔ہیش ٹیگ کے ذریعے پاکستان پر پابندیوں کا مطالبہ کیا گیا اسکے 65 فیصد ٹویٹس بوٹ مشینوں سے کیے گئے۔ جی فائیو انٹرنیٹ آبزرویٹری نے سارا کچا چٹھا کھول دیا۔ افغانستان کی صورتحال کو جواز بنا کر پاکستان کی کردار کشی کے لیے جعلی خبروں کا سہارا لے لیا، جی فائیو انٹرنیٹ آبزرویٹری نے بھانڈا پھوڑ دیا۔
جعلی خبروں پر نظر رکھنے والے ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند روز سے ٹویٹر پر پاکستان کی کردار کشی میں بھارت اور افغانستان ملوث نکلے جبکہ جعلی ٹویٹر اکاؤنٹس سے پاکستان اور پاک فوج کے خلاف جعلی خبریں پھیلائی گئیں جنہیں بعد ازاں بھارت اور افغانستان کے سرکاری ٹویٹر اکاؤنٹس کی مدد سے پھیلانے کی کوشش کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق جس ہیش ٹیگ کے ذریعے پاکستان پر پابندیوں کا مطالبہ کیا گیا اس کے 65 فیصد ٹویٹس بوٹ مشینوں سے کیے گئے۔