لیونل میسی نے پیرس سینٹ جرمین میں شمولیت اختیار کر لی

لیونل میسی نے پیرس سینٹ جرمین میں شمولیت اختیار کر لی
کیپشن: لیونل میسی نے پیرس سینٹ جرمین میں شمولیت اختیار کر لی
سورس: فوٹو/سوشل میڈیا

پیرس: ارجنٹائن کے فٹ بال سٹار لیونل میسی نے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پی ایس جی نے بدھ کے روز پریس کانفرنس بلائی ہے اور میسی کی موجودگی میں ممکنہ طور پر معاہدے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ میسی منگل کی سہ پہر بارسلونا سے پیرس روانہ ہوئے اور انہوں نے پی ایس جی کی شرٹ بھی پہن رکھی تھی۔

پی ایس جی کے ساتھ معاہدہ دو سال کا ہے اور تیسرے سال کیلئے دوبارہ  مشاورت کی جائے گی۔ میسی کو ایک سیزن کے لیےلگ بھگ5ارب روپے ملیں گے اگرچہ ایف سی بارسلونا اور لیونل میسی کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا تھا لیکن اسے معاشی اور ساختی رکاوٹوں کی وجہ سے حتمی شکل نہیں دی جا سکی تھی۔

خیال رہے کہ میسی نے گزشتہ مشہور ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا کو 21 سال بعد چھوڑ دیا تھا۔  میسی بارسلونا کلب کو چھوڑنے کی الوداعی پریس کانفرنس میں آبدیدہ ہوگئے تھے۔

انہوں نے بارسلونا کلب 16 اکتوبر 2004 میں جوائن کیا تھا۔ میسی نے بارسلونا کی طرف سے 778 میچوں میں حصہ لیا اور کل 672 گول کیے۔

بارسلونا فٹبال کلب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میسی اور کلب دونوں ہی اس بات پر تیار تھے کہ میسی کلب کے لیے کھیل جاری رکھیں مگر ہسپانوی فٹبال لیگ کے قواعد میسی سے ہونے والے نئے معاہدے کے خدوخال کے آڑے آ گئے۔