سری نگر میں بھارتی فورسز کے بنکر پر حملہ، پانچ افراد شدید زخمی

06:36 PM, 10 Aug, 2021

سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت میں بھارتی فورسز کے بنکر پر حملہ کیا گیا جس میں پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے اور ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ 

سری نگر میں اسپیشل سروس بیورو کے بنکر پر گرنیڈ حملہ کیا گیا ہے اور حملے سے علاقہ لرز اُٹھا جبکہ آس پاس کی عمارتوں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ گرنیڈ حملے پر انڈین سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں اور مزید نفری طلب کر کے علاقے کا محاصرہ کر لیا گیا تاہم حملہ آور بآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ڈی آئی جی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کشور پرساد نے میڈیا کو بتایا کہ بنکر پر گرنیڈ حملہ دوپہر کے وقت کیا گیا جس میں اہلکار محفوظ رہے تاہم 5 شہری زخمی ہیں جنھیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گرنیڈ حملے میں زخمی ہونے والے 5 افراد کو لایا گیا ہے جن میں سے 3 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم مودی سرکار کے 5 اگست 2019 کو کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے سیاہ اقدام کے بعد سے چپے چپے پر بھارتی فوج کے اہلکاروں کی تعیناتی کے باوجود گرنیڈ حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

مزیدخبریں