لسبیلہ: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کا بہت بڑا تحفہ ہے اور اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے لیکن بدقسمتی سے ہم نے اللہ کے دیئے تحفے کی قدر نہیں کی جبکہ لوگوں کا معیار زندگی بہتر کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے پودا لگانے والے کارکنوں اور مقامی افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا لسبیلہ سے لے کر گوادر تک سیاحت کو فروغ دیں گے اور اس علاقے میں بھی سیاحت کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ علاقے کی ترقی کے لئے شعبہ سیاحت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے جبکہ انگریز نے صرف پہاڑی علاقوں کو ڈویلپ کیا لیکن ہم پاکستان میں موجود تمام سیاحتی مقامات کو ڈویلپ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا وزیراعلیٰ جام کمال بتا رہے ہیں بلوچستان بہت پیچھے رہ گیا ہے اور سابقہ حکومتوں نے بلوچستان پر کوئی توجہ نہیں دی جبکہ کچھ ایسے بھی لیڈرز ہیں جو لندن میں ایک دکان پر بہت زیادہ گئے اتنا بلوچستان نہیں آئے اور موجودہ حکومت بلوچستان کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے جبکہ حکومت کوشش کر رہی ہے بلوچستان سمیت ملک بھر کے عوام کی ضروریات کو پورا کرے۔
انہوں نے کہا بلوچستان کے جو ذخائر ہیں انہیں ڈویلپ کرنے کیلئے حکومت مدد کرے گی اور بلوچستان کا علاقہ بہت بڑا ہے اسے بہتر بنانے کیلئے بہت زیادہ پیسے کی ضرورت ہے جبکہ قدرتی وسائل سے جو کمائیں گے وہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی پر لگائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں مزید کہا دنیا کے ٹاپ سائنسٹ نے رپورٹ دی ہے دنیا کا موسم تیزی سے گرم ہو رہا ہے اور سائنسدانوں کے مطابق دنیا کے کئی ممالک میں شدید گرمی سے رہنا مشکل ہو گا کیونکہ اس وقت بہت سے ممالک میں تباہی مچی ہوئی ہے، آگ لگی ہے اور قحط سالی ہے۔
انہوں نے کہا چین، جاپان سمیت بہت سے ممالک میں سیلاب نے لوگوں کا جینا مشکل کر دیا ہے اور ماحول میں جب کاربن ڈائی آکسائیڈ جاتی ہے تو موسم گرم ہونا شروع ہو جاتا ہے جبکہ دنیا میں مینگروز وہ درخت ہیں وہ ماحول کو گرم ہونے سے روکتا ہے اس لئے ہمیں مینگروز کی حفاظت کرنی ہے انہیں بڑھانا ہے اور پاکستان کو مختلف آفات سے بچانے والے درخت اگانا بہت ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا مختلف علاقوں میں بلین ٹری سونامی کے تحت پودے لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کررہے ہیں اور حکومت بلوچستان کی تعمیر و ترقی کیلئے کثیر فنڈز فراہم کر رہی ہے جبکہ اس فنڈز سے بلوچستان میں مختلف منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچیں گے اور منصوبوں کے مکمل ہونے سے بلوچستان میں ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔