کابل : افغانستان میں قتل ہونےکے ڈر سے ائیرفورس کے متعدد پائلٹس نے نوکریاں چھوڑ دیں۔
ایک افغان پائلٹ نےبرطانوی میڈیا کو بتایاکہ وہ اپنے ایسے 19 ساتھیوں کو جانتے ہیں جنہوں نے حالیہ دنوں میں ائیرفورس کو چھوڑا کیونکہ افغان حکومت ان کی زندگی کے تحفظ کی یقین دہانی نہیں کراسکی اور وہ بھی نوکری چھوڑنے پر غور کررہا ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں مختلف واقعات میں افغانستان میں 8 پائلٹ ہلاک ہوچکے ہیں،ہفتے کو کابل میں ایک کار بم دھماکے میں بلیک ہاک کے پائلٹ حمید اللہ عزیمی کو ہلاک کیا گیا تھا، دھماکے میں دیگر پانچ افراد زخمی ہوئے تھے۔
دوسری جانب افغانستان میں سکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں اور 11 صوبوں میں افغان فورسز کے 24گھنٹوں کے آپریشن میں 361طالبان جنگجو ہلاک ہوچکے ہیں۔