ن لیگ کے بعد پی پی نے بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو دھاندلی کا منصوبہ قرار دیدیا

05:43 PM, 10 Aug, 2021

کراچی  :  مسلم لیگ ن کے بعد پیپلزپارٹی نے بھی  الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو دھاندلی کا نیا منصوبہ قرار دے دیا ہے ۔ الیکشن کمیشن سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔نیر بخاری کہتے ہیں ووٹنگ مشین تحریک انصاف کا آئندہ انتخابات میں ووٹ چرانے کا نیا منصوبہ ہے۔

  

پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر حسین بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہےکہ انتخابات کروانا آئین کے تحت الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔الیکشن کمیشن کو نظرانداز کرکے ووٹنگ مشین متعارف کروانا کمیشن کے اختیارات میں مداخلت کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ووٹنگ مشین پر تحریک انصاف نے پارلیمان سمیت اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں نہیں لیا۔اپوزیشن کو نظرانداز کرنے سے ووٹنگ مشین مشکوک بن گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت دیگر ممالک کی مثال دیکھ لے جہاں ووٹنگ مشین کا استعمال نہیں ہوتا۔اپوزیشن کے ووٹنگ مشین پر شدید تحفظات ہیں،حکومت انتخابی اصلاحات کے اہم معاملے کو متنازعہ بنا رہی ہے۔

مزیدخبریں