مجالس اور عاشورہ کے جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی: میاں اسلم اقبال

Fool proof security, Majalis, Ashura processions, Mian Aslam Iqbal, PTI government

لاہور: صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کیلئے جامع سیکیورٹی پلان بنایا گیا ہے ۔ مجالس اور عاشورہ کے جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔

صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں اجلاس ہوا ، جس میں محرم الحرام کے حوالے سے صوبائی دارالحکومت میں سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔

میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے محرم الحرام کے حوالے سے صوبائی دارالحکومت کی ذمہ داری سونپی ہے، ہمہ وقت حاضر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول روم اور سی سی ٹی کیمروں کے ذریعے لاہور میں ہونے والی 3866مجالس اور 400زائد ماتمی جلوسوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ صوبائی وزیر کی ایم ڈی واسا کو10محرم تک شہر میں نصب ٹیوب ویلوں کے اوقات کار بڑھانے کی ہدایت۔ انہوں نےکہا کہ امن کمیٹیوں کو پوری طرح فعال کیا جائے اور مختلف مکاتب فکر کے علماء اکرام سے رابطہ رکھا جائے۔

میاں اسلم اقبال نے کہاکہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی صفائی کی صورتحال پر نظر رکھے۔ صرف لیسکو پر انحصار کرنے کی بجائے لائٹنگ کا متبادل نظام بھی ہونا چاہیے۔امام بارگاہوں، مساجد اور عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنایا جائے۔ مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے رضاکاروں کو بھی پوری طرح متحرک کیا جائے۔حساس علاقوں کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے۔ انتظامات ایسے شاندار ہوں کہ کہیں بھی بد مزگی پیدا نہ ہو۔

سی سی پی او لاہورنے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، شہر میں 600اضافی سی سی ٹی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، ڈائریکٹر واسا، ایل ڈبلیو ایم سی اور دیگر اداروں کے افسران بھی شریک ہوئے