اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) انتظامیہ نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سٹاف اور افسران سے یومیہ 500 روپے تک جرمانہ لینے کا عندیہ دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے ویکسی نیشن نہ کرانے والے عملے کو خبردار کرتے ہوئے تمام ملازمین کے ویکسین لگوانے کیلئے حتمی تاریخ 13 اگست مقرر کر دی ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ویکسین نہ لگوانے والے سٹاف، ملازمین اور افسران کے خلاف کارروائی ہو گی اور سٹاف کو 300 جبکہ افسران کو 500 روپے یومیہ جرمانہ کیا جائے گا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے ملازمین کو 10 دن تک ویکسی نیشن نہ کرانے پر تادیبی کارروائی کا سامنا ہوسکتا ہے، ملازمین اور افسران کورونا کی روک تھام کیلئے 13اگست تک ویکسین لگوا لیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ویکسین نہ لگوانے والے اساتذہ کو سکول آنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے گزشتہ روز صوبے کے تمام سرکاری و نجی سکولوں کے عملے اور ساتذہ کو ویکسین لگوانے کیلئے حتمی تاریخ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ویکسین نہ لگوائی تو سکول نہیں آنے دیں گے۔
قبل ازیں ماہرین صحت کا کہنا تھا کہ ویکسین لگوانے والے افراد پر کورونا کا حملہ انہیں ہسپتال منتقل کرنے کا سبب نہیں بن سکتا، نہ ہی انہیں موت کا کوئی خطرہ ہو سکتا ہے، امریکی ادارے سی ڈی سی سے تعلق رکھنے والے ماہرین کی جانب سے نیا دعویٰ سامنے آیا ہے کہ کورونا ویکسین سے وائرس کے شدید وار سے مکمل طور پر بچا جاسکتا ہے۔
پی آئی اے کا کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سٹاف اور افسران کو یومیہ جرمانہ کرنے کا عندیہ
03:46 PM, 10 Aug, 2021