برطانیہ میں 23 سالہ لڑکی اغوا کے بعد قتل

02:49 PM, 10 Aug, 2021

لندن : برطانیہ میں 23 سالہ لڑکی کو اغوا کے بعد قتل کردیا گیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جبکہ ایک مشکوک شخص کو گرفتار بھی کرلیا ہے ۔میگھن کے والدین کا کہنا ہے کہ ہمیں انتہائی عزیز بیٹی سے محروم کردیا گیا ہے ۔ 

برطانوی میڈیا کے مطابق لسسٹر شائر پولیس کا کہنا ہے کہ 23 سالہ میگھن ہفتے کی شام لاپتہ ہوئی ۔اتوار کی صبح  پولیس کو ووڈ ہاؤس ایوز کے علاقے میں 23 سالہ میگھن کی لاش مل گئی  جس کے بعد ورثاء کو اطلاع کردی گئی ۔ 

متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنی انتہائی عزیز بیٹی سے محروم کردیا گیا ہے اور ہم اس غم کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتے ۔ میگھن کے والدین کا کہنا ہے کہ وہ اس سانحہ سے بہت دلبرداشتہ ہیں اور ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ وہ اپنا غم بیان کرسکیں ان کا کہنا تھا کہ میگھن بہت باعزت اور والدین سے پیار کرنے والی لڑکی تھی ۔

میگھن کے والدین کا کہنا ہےکہ معاملے میں ہمیں جو سپورٹ ملی ہے اس کے شکرگذار ہیں لیکن ہم اس وقت صدمے میں ہیں ہماری پرائیویسی ختم ہوگئی ہے۔پرائیویسی کا احترام کیا جانا چاہئے ۔

دوسری طرف پولیس نے کول وائل کے علاقے سے  ایک 29 سالہ مشکوک شخص کو گرفتار بھی کرلیا ہے جس سے اغوا زیادتی اور قتل کی دفعات کے تحت تحقیقات کی جارہی ہے۔

 پولیس سربراہ کا کہنا ہے کہ ہم مقتولہ کے ورثاء کے غم میں شریک ہیں اور ہماری پوری کوشش ہے کہ جلد از جلد اصل محرکات تک پہنچا جاسکے ۔ 

دوسری طرف تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی شہری اس معاملے میں ہماری مدد کرنا چاہے تو وہ ہم سے رابطہ کرے اس کا نام صیغہ راز میں رکھ کر تحقیقات کریں گے۔ اس قتل کے سلسلے میں ای میل اور ٹیلی فون نمبر پر بھی اطلاع کی جاسکتی ہے ۔ 

پولیس نے ایک مشکوک سفید رنگ کی کار کی بھی نشاندہی کی ہے اور اس کے بارے میں بھی چھان بین کی جارہی ہے جو اس وقوعہ کے وقت دیکھی گئی تھی ۔ 

مزیدخبریں