کورونا ویکسین لگوانے والے 12 سے 18 سال کے افراد کو داخلی عمرے کی اجازت

02:42 PM, 10 Aug, 2021

ریاض: سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے کورونا وائرس ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والے 12 سے 18 سال کے افراد کو داخلی عمرے کی اجازت دیدی ہے۔ 
وزارت حج و عمرہ کی جانب سے داخلی عمرے کیلئے اب تک 13 ہزار سے زیادہ اجازت نامے جاری کئے گئے ہیں، نائب وزیر حج و عمرہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بیرونی عمرہ زائرین کو اپنے ملک سے مصدقہ ویکسین سرٹیفکیٹ دینا ہو گا۔
دوسری جانب سعودی عرب نے ماہانہ عمرہ زائرین کی گنجائش 2 ملین تک بڑھا دی ہے جبکہ رواں عمرہ سیزن کے دوران مسجد حرام اور مسجد نبوی کے قریب موجود ہوٹلوں میں زائرین کی گنجائش میں 60 فیصد اضافہ مقرر کیا گیا ہے۔ 
حج اور عمرہ کے نیشنل کمیٹی کے ایک رکن ھانی العمیری نے بتایا کہ ماہانہ عمرہ زائرین کی گنجائش 2 ملین تک بڑھا دی گئی ہے جس کے نتیجے میں عمرہ سیکٹر اور ہوٹلوں، ریستورانوں، عمرہ زائرین کی قیام گاہوں میں عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافے کے ساتھ مکہ اور مدینہ میں نقل و حمل اور بازاروں میں خریدو فروخت میں بھی اضافہ ہو گا۔
 خیال رہے کہ عمرہ زائرین کیلئے ویزوں کے اجراءکا سلسلہ آج سے شروع ہو رہا ہے اور حج وعمرہ ٹور آپریٹرز عمرہ زائرین کا استقبال شروع کررہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 130 عمرہ کمپنیوں اور اداروں نے یکم محرم الحرام سے عمرہ زائرین کی رجسٹریشن شروع کردی ہے جبکہ مقامی مردو خواتین پر مشتمل رضا کاروں اور ملازمین کو بھی تیار کرلیا ہے۔ 
مقامی عملہ عمرہ کے دوران کسی بھی قسم کے بحران سے نمٹنے اور بھیڑ کو منتشر کرنے، معتمرین کو منظم رکھنے کی صلاحیت سے لیس ہے، یہ عملہ معتمرین کو ہوائی اڈوں، ہوٹلوں اور دیگر مقامات سے مسجدحرام تک لانے میں مدد فراہم کرے گا، اس کے علاوہ عمرہ ٹور آپریٹر عمرہ زائرین کے مکہ معظمہ کے ٹور اور دیگر سیاحتی مقامات کے ٹور میں بھی مدد کرے گا۔ 

مزیدخبریں