چین پاکستان کو کورونا کی مزید 10 کروڑ خوراکیں فراہم کرے گا: چینی سفیر

12:58 PM, 10 Aug, 2021

اسلام آباد: چینی سفیر نونگ رونگ نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات میں بتایا کہ چین پاکستان کو کورونا کے خاتمے کیلئے مزید 10 کروڑ خوراکیں فراہم کرے گا ۔

تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں چینی سفیر نونگ رونگ نے صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کی ، دوران ملاقات چینی سفیر نے آگاہ کیا کہ اُن کی حکومت پاکستان کو سال کے اختتام تک دس کروڑ ویکسین کی خوراکیں فراہم کرے گا ۔

ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق ہوا ۔ اس کے علاوہ ملاقات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔

اس موقع پر عارف علوی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے چین کی امداد کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس ایک روز میں مزید 86 زندگیاں نِگل گیا جس کے بعد اموات کی تعداد 24 ہزار 4 ہوگئی ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران 3 ہزار 884 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 49 ہزار 506 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ۔ پاکستان میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 84 ہزار 427 ہوگئی ۔

این سی او سی کی رپورٹ کے مطابق کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 84 فیصد رہی ، متاثرہ مریضوں کی تعداد 10 لاکھ ، 75 ہزار 504 ہوگئی ۔

مزیدخبریں