خلیفہ دوئم حضرت عمر فاروقؓ کا آج یوم شہادت

11:35 AM, 10 Aug, 2021

لاہور: خلیفہ دوئم حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کا یوم شہادت آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ ان کے دور خلافت میں اسلامی ریاست 22 لاکھ مربع میل تک پھیلی ہوئی تھی۔ انھوں نے فتوحات کے ساتھ فلاحی ریاست بنائی جبکہ صوبوں اور اضلاع کی تقسیم کے علاوہ متعدد محکمے بھی قائم کئے۔

خلیفہ دوئم حضرت عمر فاروقؓ 584 عیسوی میں مکہ میں پیدا ہوئے۔ اسلام قبول کیا تو سیدھا خانہ کعبہ میں جا کر اعلان کیا۔ آپ نے مکہ سے مدینہ کی جانب ہجرت کی۔ بدر ہو یا خندق تمام غزوات میں شریک ہوئے۔

حضرت ابوبکر صدیقؓ کی وفات کے بعد خلیفہ دوئم بنے اور پھر مسلمانوں کے ہاتھوں روم اور ایران فتح ہوئے۔ فلسطین، شام، آرمینیا، آذربائیجان، خراسان اور مکران 22 لاکھ مربع میل پر محیط اسلامی ریاست کا حصہ بنے۔

حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فتوحات کے ساتھ فلاحی ریاست بنائی، مردم شماری کرائی، نہریں کھدوائیں، شہر آباد کرائے اور وقف کا طریقہ ایجاد کیا۔ حاکم ہو یا عام شہری سب کیلئے جزا اور سزا کا نظام یقینی بنایا۔

تین نومبر 644 عیسویں بمطابق یکم محرم حضرت عمر فاروقؓ کو مدینہ المنورہ میں شہید کر دیا گیا۔ آپ مسجد نبوی میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں آسودہ خاک ہیں۔

مزیدخبریں