کراچی: کراچی میں شہریوں کے تعاون اور پابندیوں کی وجہ سے عالمی وبا کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں 23 دن بعد واضح کمی آ گئی ہے۔
صوبائی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ویکسین کی وجہ سے کورونا کیسز میں کمی واقع ہوئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کراچی میں 1390 کیسز سامنے آئے جبکہ 20 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ لاک ڈاؤن کے دوان کورونا کیسز کی تعداد مجموعی طور پر 20 فیصد سے زائد رہی تھی۔
حکومت سندھ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی ویکسین کا عمل مکمل کرائیں۔ خیال رہے کہ سندھ حکومت نے 31 جولائی سے 8 اگست تک مکمل لاک ڈاؤن لگایا تھا۔
دوسری جانب پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر کے وار جاری ہیں۔ مہلک وائرس کی وجہ سے صرف ایک روز میں مزید 86 شہری اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ اموات میں حالیہ اضافے سے اس موذی مرض میں مبتلا جاں بحق افراد کی تعداد 24 ہزار 4 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعدادوشمار کےمطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 884 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 49 ہزار 506 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے تھے۔
پاکستان میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 84 ہزار 427 ہو چکی ہے۔ این سی او سی کے مطابق کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 84 فیصد رہی جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 75 ہزار 504 ہو گئی ہے۔