کراچی میں کاریں چوری کرنے والا گروہ پکڑا گیا، بیٹا، والدہ اور سوتیلا والد شامل  

10:24 AM, 10 Aug, 2021

کراچی: پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کار چوری کی وارداتوں میں ملوث محکمہ سپورٹس کے ملازم سمیت دو مرد اور ایک خاتون ملزم گرفتار کر لیا۔ ملزمان میں بیٹا، اس کی والدہ اور سوتیلا والد شامل ہے۔

ایس ایس پی عارف اسلم راؤ نے میڈیا کو بتایا کہ وارداتوں میں ملوث مرکزی ملزم شہاب کے ہمراہ اس کی والدہ امبر عرف شبو ناز اور اس کے دوسرے شوہر لیاقت کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان سے اسلحہ کے زور پر چھینی گئی 9 قیمتی گاڑیاں اور دو عدد پستول بھی برآمد کر لئے گئے ہیں۔

عارف اسلم راؤ نے کہا کہ ملزم شہاب کی والدہ شبو ناز اپنے شوہر کے ہمراہ کراچی کے مختلف علاقوں سے کاریں کرائے پر حاصل کرتی تھی۔ کار کو ڈرائیور سمیت ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی اور نارتھ کراچی تک لایا جاتا، پھر کسی سنسان جگہ پر ملزمان اچانک اسلحہ نکالتے اور کار چھین کر لے جاتے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان چھینی ہوئی گاڑیوں کے رنگین پیپر سکین کر دیتے تھے جبکہ کمپیوٹر سے ایڈٹ کر کے رجسٹریشن نمبر کو بھی تبدیل کر دیا جاتا تھا۔

پولیس افسر نے کہا کہ ملزمان چھینی گئی گاڑیوں کو بینک ڈیفالٹر، فائل مسنگ یا نان کسٹم پیڈ بتا کر کراچی ہی میں مختلف افراد کو فروخت کرتے یا کرائے پر چلانے کے لیے دے دیتے۔ اب تک سات مختلف مقدمات میں ملزمان کو گرفتار کرکے ریمانڈ حاصل کیا جا چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کا یہ گروہ اس سے قبل کبھی گرفتار نہیں ہوا، یہ پہلی مرتبہ قانون کی گرفت میں آیا ہے، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔ برآمد شدہ گاڑیاں ضابطے کی کارروائی کے بعد اپنے اصل مالکان کے حوالے کی جائیں گی۔

مزیدخبریں