لاہور: سعودی عرب نے ماہانہ عمرہ زائرین کی گنجائش 2 ملین تک بڑھا دی ہے جبکہ رواں عمرہ سیزن کے دوران مسجد حرام اور مسجد نبوی کے قریب موجود ہوٹلوں میں زائرین کی گنجائش میں 60 فیصد اضافہ مقرر کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حج اور عمرہ کے نیشنل کمیٹی کے ایک رکن ھانی العمیری نے بتایا کہ ماہانہ عمرہ زائرین کی گنجائش 2 ملین تک بڑھا دی گئی ہے جس کے نتیجے میں عمرہ سیکٹر اور ہوٹلوں، ریستورانوں، عمرہ زائرین کی قیام گاہوں میں عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافے کے ساتھ مکہ اور مدینہ میں نقل و حمل اور بازاروں میں خریدو فروخت میں بھی اضافہ ہو گا۔
خیال رہے کہ عمرہ زائرین کیلئے ویزوں کے اجراءکا سلسلہ آج سے شروع ہو رہا ہے اور حج وعمرہ ٹور آپریٹرز عمرہ زائرین کا استقبال شروع کررہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 130 عمرہ کمپنیوں اور اداروں نے یکم محرم الحرام سے عمرہ زائرین کی رجسٹریشن شروع کردی ہے جبکہ مقامی مردو خواتین پر مشتمل رضا کاروں اور ملازمین کو بھی تیار کرلیا ہے۔
مقامی عملہ عمرہ کے دوران کسی بھی قسم کے بحران سے نمٹنے اور بھیڑ کو منتشر کرنے، معتمرین کو منظم رکھنے کی صلاحیت سے لیس ہے، یہ عملہ معتمرین کو ہوائی اڈوں، ہوٹلوں اور دیگر مقامات سے مسجدحرام تک لانے میں مدد فراہم کرے گا، اس کے علاوہ عمرہ ٹور آپریٹر عمرہ زائرین کے مکہ معظمہ کے ٹور اور دیگر سیاحتی مقامات کے ٹور میں بھی مدد کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمرہ کی واپسی کے پہلے مہینے کے دوران مسجد حرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قریب ایک ٹاورز اور ہوٹلوں میں عمرہ زائرین کی قابل ذکر تعداد داخل ہو گی، رواں عمرہ سیزن کے دوران مسجد حرام اور مسجد نبوی کے قریب موجود ہوٹلوں میں زائرین کی گنجائش میں 60 فیصد اضافہ مقرر کیا گیا ہے۔
مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں معتمرین کے قیام کیلئے اعلیٰ عالمی معیار کے ہوٹل اور ریستوران مختص کئے گئے ہیں اور انہیں تمام بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، ہوٹلوں میں صفائی، سینی ٹائزیشن، سماجی فاصلے کو یقینی بنانے اور عمرہ کی غرض سے آنے والے زائرین کا ٹمپریچر چیک کرنے کا معقول انتظام ہوگا۔