سری نگر :بھارت جذبہ آزادی دبانے میں ناکام، کشمیریوں نے کرفیو توڑ دیا، مقبوضہ کشمیر کی حیثیت بدلنے کے خلاف ہزاروں افراد کا سری نگر، صورہ اور دیگر شہروں کی سڑکوں پر مارچ ،قابض فوج نے مظالم کی انتہاکردی ، سید ھا فائر کھول دیا ،فائرنگ اور شیلنگ سے متعدد زخمی ہوگئے ،مظاہرین پاکستانی پرچم بھی لہراتے رہے، جو ہے حق ہمارا آزادی ، بھارت واپس جاﺅ.
مظاہرین کے بھارتی تسلط کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے،ہسپتالوں میں زیر علاج پیلٹ گنوں کے زخمیوں کی ویڈیو سامنے آگئی، چھرے لگنے سے نابینا ہونے والوں میں کم سن بچے بھی شامل ہیں ،مقبوضہ کشمیر کی پوری آبادی محصور، ٹیلی رابطے بھی مفلوج ہیں ، عوام کو شدید غذائی قلت کا سامنا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق یندر مودی کی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے خلاف کشمیر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ جمعہ کو بڑے پیمانے پر بھارت مخالف مظاہرے ہوئے۔ جمعہ کی نماز کے بعد سخت ترین کرفیو کے باوجود ہزاروں افراد نے صورہ کے علاقے میں احتجاجی مارچ کیا اور بھارت مخالف نعرے بازی کی۔
جلوس کے شرکا ہم کیا چاہتے آزادی، انڈیا واپس جاﺅ اور انڈیا کا آئین نامنظور کے نعرے لگاتے رہے۔اس جلوس میں بچے، جوان اور بوڑھے کشمیریوں کی بڑی تعداد شریک تھی اور جلوس پر پولیس کی فائرنگ سے درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔