واشنگٹن: غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکا کے نائب صدر مائیک پینس نے وزارت دفاع میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ اپنی مسلح افواج کی تاریخ میں ایک اور عظیم باب کا آغاز کرتے ہوئے خلائی فورس کو قیام میں لایا جائے جس سے نئی نسل کے خطرات کو شکست دی جائے۔
امریکی نائب صدرنے ڈونلڈ ٹرمپ کے 2 ماہ قبل کیے جانے والے مطالبے کو دہراتے ہوئے کانگریس سے استدعا کی اگلے 5 سال میں امریکی خلائی سکیورٹی نظام میں مزید 8 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے جب کہ منصوبے کے تحت ایسا نظام تیار کیا جائے گا جو جام نہ کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: برقعے پر طنز کرنے والے بورس جانسن مشکل میں پھنس گئے
نائب صدر مائیک پنس نے کہا کہ روس اور چین کو روکنے کے لیے خلائی فورس کا قیام ضروری ہے کیونکہ یہ دونوں ممالک تیزی سے سیٹیلائٹ کے خلاف صلاحیت حاصل کرنے کی جانب گامزن ہیں اور جلد ہی اپنے سیٹیلائٹ ہمارے سیٹیلائٹ کے قریب لا سکیں گے جس کے باعث ہمارے خلائی نظام کو ایسا خطرہ لاحق ہو گا جو اس سے قبل کبھی نہیں ہوا۔
دوسری جانب مائیک پینس کی تقریر کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایک بار پھر ٹوئٹ کیا گیا جس میں انہوں نے واضح طور پر خلائی فورس کی تشکیل کی تصدیق کی۔
یہ خبر بھی پڑھیں: میلانیا ٹرمپ کے والدین کو امریکی شہریت مل گئی
واضح رہے کہ 2 ماہ قبل دنیا پر غلبے کے جنون کے پیش نظر امریکی صدرٹرمپ نے خلائی فورس کی تشکیل کا حکم دیا تھا۔ ٹرمپ نے مزید کہا تھا کہ خلا میں بھی قیادت کریں گے کسی اور کی قیادت منظور نہیں جبکہ خلا میں چین اور روس کی سبقت ناقابل برداشت ہے۔ چین اور روس سے پہلے ہم خلا میں موجود ہوں گے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں