میلانیا ٹرمپ کے والدین کو امریکی شہریت مل گئی

09:44 AM, 10 Aug, 2018

واشنگٹن: تارکین وطن کے مخالف صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے والدین کو 'چین مائیگریشن' (Chain Migration) کے تحت امریکی شہریت مل گئی۔

دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق خاتون اول ملانیا ٹرمپ کے والدین وکٹر اور امالیجہ نے نیویارک میں ہونے والی ایک نجی تقریب کے دوران امریکی شہریت کا حلف اٹھایا۔

سلوینیا سے تعلق رکھنے والے وکٹر اور امالیجہ مستقل ریزیڈنٹ کے طور پر امریکا میں مقیم تھے اور رپورٹ کے مطابق میلانیا ٹرمپ نے اپنے والدین کے لیے گرین کارڈ اسپانسر کیا۔

مزید پڑھیں: جسٹن ٹروڈو نے سعودی عرب سے معافی مانگنے سے انکار کر دیا

تقریب حلف برداری کے موقع پر ایک صحافی نے میلانیا ٹرمپ کے والد سے پوچھا کہ امریکی بن جانے کے بعد آپ کو کیسا لگا رہا ہے تو ان کے وکیل مائیکل ولڈیز نے جواب دیا کہ 'ان کا سفر بہت شاندار رہا ہے'۔

وکیل نے بتایا کہ وکٹر اور امالیجہ نے امریکی شہریت کے لیے اپنے طور پر اپلائی کیا اور انہیں کوئی خاص قسم کی چھوٹ یا رعایت نہیں دی گئی۔

واضح رہے کہ میلانیا ٹرمپ کے شوہر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خاندان کی امیگریشن جسے وہ چین مائیگریشن کا نام دیتے ہیں کی مخالفت کرتے آئے ہیں۔

دوسری جانب میلانیا ٹرمپ اس وقت اپنے شوہر کے ہمراہ بیڈمنسٹر نیو جرسی میں چھٹیاں گزار رہی ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنے والدین کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کی۔

میلانیا کی ترجمان اسٹیفنی گرشم نے بھی اس حوالے سے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ خاتون اول کے والدین انتظامیہ کا حصہ نہیں ہیں لہذا پرائیویسی ان کا حق ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: یمن: بچوں کی بس پر فضائی حملہ، 43افراد جاں بحق

میلانیا ٹرمپ کے والد وکٹر کی عمر 74 برس ہے اور وہ اپنے داماد ڈونلڈ ٹرمپ سے صرف 2 سال بڑے ہیں جبکہ ان کی والدہ امالیجہ کی عمر 73 برس ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ساس، سسر کو امریکی شہریت ملنے کے حوالے سے ابھی تک کوئی ٹوئیٹ نہیں کی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں