لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا کہ لگتا ہے مسلم لیگ ن کے کارکن بھی قائد کیخلاف سازش کر گئے، ایسے آثار نظر آ رہے ہیں کہ نواز شریف اکیلے ہی لاہور تشریف لائیں گے، جہلم خطاب میں نا اہل نواز شریف نے ثابت کیا کہ وہ واقعی صادق نہیں، انہوں نے قوم سے جھوٹ بولنے کی روایت رکھی، انہیں بیٹے سے تنخواہ لینے پر نہیں جھوٹا اور بددیانت ہونے پر نا اہل کیا گیا۔
پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا خیال تھا کہ قومی وسائل خرچ کرکے سرکاری ملازمین کی جی ٹی روڈ پر حاضری لگا کر ریلی کامیاب کر لیں گے لیکن ایسا نہ ہو سکا۔ 2درجن وزیر اور اسمبلی میں اکثریت رکھنے والوں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے، اب حکومت کے اتحادی نظر آئے اور نہ عوام، لوگ ن لیگ کی ریلی میں اجرت پر بھی آنے کو تیار نہیں، مسلم لیگ ن ریلی کی بجائے سرکس شو کرا لیتی تو اس سے زیادہ لو گ آ جاتے۔
میاں محمودالرشید نے نواز شریف کے استقبال پر سرکاری وسائل خرچ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کو اسمبلی میں اٹھائیں گے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ شیر زہریلا ہو جائے تو لوگ دور ہی بھاگتے ہیں، نواز شریف کی سیاست خود انکے نا اہل وزیروں اور مشیروں نے ختم کردی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے پانج ججوں کے فیصلے کے بعد ن لیگ تنہا اور تقسیم شدہ پارٹی ہے، بکروں کا صدقہ الٹا پڑ گیا، ن لیگ کو ناکام ریلی پر مبارک پیش کرتے ہیں۔