اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینیوں کا ساتھ دینا مسلمانوں کا فرض ہے: مولانا فضل الرحمان

05:58 PM, 10 Apr, 2025

اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینیوں کا ساتھ دینا مسلمانوں کا فرض ہے: مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینیوں کا ساتھ دینا تمام مسلمانوں پر فرض ہے اور پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہر حالت میں کھڑا رہے گا۔

قومی فلسطین کانفرنس میں اپنے خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمان نے غزہ میں اسرائیلی بربریت کی مسلسل کارروائیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اجتماع تاریخ کا حصہ بنے گا اور اس کو کبھی نظرانداز نہیں کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا اعلامیہ پوری امت مسلمہ کے لیے ہے اور اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے جس کی تاریخ قتل و غارت سے بھری پڑی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ فلسطینیوں پر ظلم کی جو تاریخ رقم کی جا رہی ہے، اس کی مثال کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور دنیا کو پیغام دے گا کہ ہم ان کے حقوق کے لیے ہمیشہ آواز اٹھاتے رہیں گے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بعض افراد کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بہتری سے معیشت بہتر ہو گی، یہ موقف نہ صرف غلط ہے بلکہ پاکستان کے موقف کے خلاف بھی ہے۔ انہوں نے مشرف دور کے حوالے سے کہا کہ ان کے زمانے میں امریکا کے ساتھ تعلقات پر جو بیانات دئیے گئے، وہ ملک کی خودمختاری کے لیے نقصان دہ تھے۔

مزیدخبریں