اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 71 پیسے کمی کی منظوری دے دی ہے۔ اس حوالے سے نیپرا نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
یہ کمی اپریل سے جون 2025 تک کے تین ماہ کے لیے نافذ العمل ہوگی۔ نیپرا کے مطابق اس کا اطلاق لائف لائن صارفین کے سوا تمام صارفین پر ہوگا، جنہیں حکومت کی جانب سے سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
وفاقی حکومت نے ٹیرف ڈیفرینشل سبسڈی بڑھانے کے لیے نیپرا سے درخواست کی تھی، جس پر 4 اپریل کو سماعت ہوئی تھی۔ نیپرا نے تفصیلی جائزے کے بعد فیصلہ جاری کیا۔
دوسری جانب کراچی کے شہریوں کے لیے بھی بڑی خوشخبری متوقع ہے۔ کے الیکٹرک نے فروری 2025 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیپرا کو درخواست دی ہے، جس میں بجلی 6 روپے 62 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ نیپرا 16 اپریل کو اس درخواست پر سماعت کرے گا۔
کے الیکٹرک نے مزید بتایا ہے کہ جولائی 2023 سے فروری 2025 تک کی 13.9 ارب روپے مالیت کی فیول لاگت ایڈجسٹمنٹ بھی زیر التوا ہے، جس کی منظوری کے لیے علیحدہ درخواست دی گئی ہے۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ سماعت کے دوران کے الیکٹرک کی جانب سے میرٹ آرڈر پر عملدرآمد کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔