کراچی : امریکہ کی جانب سے عالمی ٹیرف معطلی کے اعلان کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، جس کے اثرات پاکستان سمیت دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹس پر بھی دیکھے جا رہے ہیں۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز زبردست تیزی دیکھی گئی، ہنڈرڈ انڈیکس 3300 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 1,17,484 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز مارکیٹ 1379 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ بند ہوئی تھی۔
عالمی سطح پر بھی یہی رجحان دیکھنے میں آیا۔ امریکی سٹاک مارکیٹس میں بڑی چھلانگ دیکھی گئی۔ ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں تقریباً 10 فیصد اضافہ ہوا، جب کہ نیسڈک میں 12 فیصد سے زیادہ بہتری ریکارڈ کی گئی۔
ایشیا کی مارکیٹس بھی پیچھے نہ رہیں۔ جاپان کی نکئی 225 انڈیکس میں 8 فیصد، اور ہانگ کانگ کی ہانگ سینگ انڈیکس میں 2 فیصد کا اضافہ ہوا۔ چین کی شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس بھی مثبت رجحان کے ساتھ بند ہوئی۔ تاہم یورپی مارکیٹس تاحال دباؤ کا شکار ہیں اور وہاں مندی کا رجحان برقرار ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ اعتماد برقرار رہا تو اگلے چند دنوں میں سرمایہ کاری میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس سے معاشی سرگرمیوں کو بھی تقویت ملے گی۔