کراچی: گورنر سندھ کا ڈمپر حادثات اور شہری ردعمل پر نوٹس، امن و امان کی اپیل

09:40 AM, 10 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے شہر میں ڈمپرز کو جلانے اور سڑکوں کی بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ سے ڈمپر حادثات کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

گورنر سندھ نے رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور شہریوں کی شکایات کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیوی ٹریفک اور اس کے باعث ہونے والی اموات پر عوام کا غم و غصہ بجا ہے، تاہم قانون شکنی کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پرامن رہیں اور قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔ گورنر کا کہنا تھا کہ بعض عناصر شہر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جن کی سازشیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گی۔

کامران ٹیسوری نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ وہ فوری اور مؤثر اقدامات کے ذریعے حالات کو قابو میں رکھیں اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں.

مزیدخبریں