دعا ہے کہ آج عید کا دن اور ہر دن وطن عزیز کے ہر فرد کے لئے خوشی کا پیغام لائے،عیدالفطر پر وزیر اعلی پنجاب کا خصوصی پیغام 

08:54 AM, 10 Apr, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے  ملت اسلامیہ اور اہلِ پاکستان کوعید الفطر  پربارکباددیتے ہوئے کہاکہ  دعا ہے کہ آج عید کا دن اور ہر دن وطن عزیز کے ہر فرد کے لئے خوشی کا پیغام لائے۔انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ دعا ہے کہ ارض پاک پر اترنے والی خوشیوں کو کبھی زوال نہ آئے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے رمضان المبارک کے فیوض وبرکات سے مستفید ہونے کا موقع ملا۔ عید الفطر مسلمانوں کیلئے اللہ تعالیٰ کا خاص انعام اور تحفہ ہے۔عید کے روزمحبت اور بھائی چارے کا فروغ  تشکر کا تقاضا ہے۔عید کے موقع پر نادار لوگوں کو بھی خوشیوں میں شریک کرنا سنت نبویؐ ہے۔اپنے ارد گرد ضرورت مند لوگوں کو جان کر مدد کرنا مستحسن عمل ہے۔چھوٹے اور گھریلو ملازمین کو شریک کرنے سے عید کی خوشیاں دوبالا ہو جاتی ہیں۔
انہوں نےمزید کہاکہ نبی کریم حضرت محمد ﷺ عید کے روز یتیموں کی دلجوئی اور خاطر داری کیا کرتے تھے۔باہمی رنجشوں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبات کو فروغ دیں۔  وطن کے لئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے عید کے روز خصوصا یاد رکھنا چاہیے۔عید کے روز شہداء کے اہل خانہ کو بھی نہ بھولیں۔

مزیدخبریں