اسلام آباد : چیف الیکشن کمشنر نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو خط لکھاہے جس میں الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 57 اور سیکشن 58 میں ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے ترامیم کی پارلیمنٹ سے منظوری کی درخواست کی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کا خط میں کہنا ہے کہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا۔
مجوزہ ترمیم میں مزید کہا گیا ہے کہ آفیشل گزٹ میں نوٹیفیکیشن جاری ہو گا ۔ الیکشن کمیشن حلقوں سے کہے گا کہ وہ اپنے نمائندے منتخب کریں۔ وقتا فوقتا الیکشن کمیشن اس نوٹیفیکیشن کے اجرا کے بعد اس میں ترامیم کر سکے گا جو الیکشن پروگرام مختلف مراحل میں اعلان کیا گیا ہو گا۔
الیکشن کمیشن ایک نیا الیکشن پروگرام اور نئی تاریخ بھی دے سکے گا ۔ کمیشن تحریری طور پر اس کی وجوہات اور اپنی رائے بھی دے گا ۔