اسلام آباد : جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ اللہ کی کتاب کے بعد آئین کی کتاب کا سایہ ہمارے سر پر ہے۔ اپنی اور سپریم کورٹ کی طرف سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہم آئین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں دستور کنونشن سے خطاب کرتے کہا کہ قانون میرا میدان ہے۔ آپ تبصرے کر سکتے ہیں ،تنقید کرسکتے ہیں۔ میں چیزیں قانون کی طرح دیکھتا ہوں۔ ہمارا کام یہ ہے کہ جلد آئین و قانون کے مطابق فیصلے کریں ۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا تھا کہ تقریب میں آئینی باتیں ہوں گی لیکن میری موجودگی میں کچھ سیاسی باتیں بھی کی گئیں جن سے میں متفق نہیں ہوں۔ ہوسکتا ہے کہ جو لوگ یہاں بیٹھے ہیں ان کا کیس میرے پاس آئے اور فیصلہ ان کے حق میں نہ ہو تو وہ میرے خلاف بھی تقریر کریں۔