اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے وزارت عظمیٰ کیلئے شاہ محمود قریشی کو نامزد کر دیا گیا ہے اور ان کے کاغذات نامزدگی بھی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دئیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی کے 4 فارمز قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروائے گئے ہیں جبکہ عامر ڈوگر اور علی محمد خان ان کے تائید کنندہ اور تصدیق کنندہ ہیں۔ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ نئے قائد ایوان (وزیراعظم) کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے اور جانچ پڑتال کے اوقات میں تبدیلی کر دی گئی ہے اور ترجمان کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا وقت دوپہر 2 سے بڑھا کر 4 بجے کر دیا گیا ہے جبکہ ان کی جانچ پڑتال کا عمل ساڑھے 4 بجے شروع ہو گا۔
دوسری جانب قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے 11 اپریل بروز پیر (کل) ہونے والے اجلاس کا وقت بھی تبدیل کر دیا گیا ہے جو اب دوپہر 2 بجے ہو گا۔ اس سے قبل یہ اجلاس پیر کی صح 11 بجے طلب کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد 174 ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہوئی جس کے بعد وہ وزیراعظم پاکستان نہیں رہے اور اب کل نئے قائد ایوان کا انتخاب ہونے جا رہا ہے۔