لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے قومی ٹیم میں واپسی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس وقت سے میں گزرا ہوں، اللہ کرے وہ وقت کسی پر نہ آئے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر اکمل نے کہا کہ انتہائی مشکل وقت سے گزرا مگر میری فیملی نے مجھے گرنے نہیں دیا اور میں میدان میں واپس آ گیا اور اس حوالے سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کردار بھی بہت اہم ہے جس نے مجھ پر اعتماد کیا اور اس سے میرا حوصلہ بڑھا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا قومی ٹیم کیلئے مجھے منتخب کرنا سلیکٹرز، کوچ اور کپتان کی مرضی ہے تاہم میں فٹنس کو مزید بہتر کرنے کے بعد قومی ٹیم میں کم بیک کیلئے پرعزم ہوں۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ہونا خوش آئند ہے، ہوم سیریز جب بھی ہوتی ہے اور نہ کھیلیں تو کرکٹر ضرور مس کرتا ہے۔
واضح رہے کہ عمر اکمل کو پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) 2020ءمیں نان رپورٹنگ کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) انٹی کرپشن کوڈ کے تحت پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سزا مکمل کرنے اور جرمانے کی ادائیگی کے بعد کرکٹ کے میدان میں ان کی واپسی ہوئی اور پی ایس ایل 7 میں وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے نظر آئے۔
فٹنس میں مزید بہتری کے بعد قومی ٹیم میں کم بیک کیلئے پرعزم ہوں: عمر اکمل
02:18 PM, 10 Apr, 2022