راولپنڈی: پاک فوج نے وزیراعظم ہاﺅس میں ملاقاتوں سے متعلق غیر ملکی خبر رساں ادارے بی بی سی اردو کی خبر کو حقائق کے منافی، جھوٹ کا پلندا اور منظم ڈس انفارمیشن قرار دیدیا ہے۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بی بی سی اردو کی خبر بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندا ہے جس میں ناصرف متعلقہ حقائق نظر انداز کئے گئے بلکہ خبر میں ضروری سورسز کے علاوہ صحافتی اخلاقیات نظر انداز کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم ہاﺅس میں ملاقاتوں سے متعلق بی بی سی کی خبر حقائق کے منافی اور منظم ڈس انفارمیشن ہے جبکہ جلد ہی یہ معاملہ بی بی سی سے اٹھایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ بی بی سی ماضی میں بھی حقائق کے برعکس خبریں دے چکا ہے اور اسے ماضی میں متعدد خبروں پر عالمی سطح پر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔
بی بی سی کی کئی خبریں بے بنیاد پروپیگنڈا پر مبنی اور حقائق کے برعکس تھیں جس کے باعث برطانوی ٹیکس گزاروں کے پیسے سے چلنے والے بی بی سی کو جرمانے ادا کرنے پڑے۔
بی بی سی اردو کی خبر جھوٹ کا پلندا اور منظم ڈس انفارمیشن ہے: آئی ایس پی آر
11:57 AM, 10 Apr, 2022