علی محمد خان پارلیمینٹ سے عمران خان کی نشانی اٹھا لائے

10:31 AM, 10 Apr, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر برائے پارلیمانی امور علی محمد خان گزشتہ روز پارلیمنٹ میں اپنے خطاب کے بعد عمران خان کی سیٹ سے تقسیمی نمبر اٹھا لائے جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ 
تفصیلات کے مطابق علی محمد خان پی ٹی آئی کے وہ واحد رہنماءہیں جو گزشتہ روز تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے وقت حکومتی بینچز پر موجود تھے اور ووٹنگ کے بعد پارلیمینٹ سے واپسی پر وہ اپنے ساتھ عمران خان کا تقسیمی نمبر بھی لے آئے جس کی تصویر ایک جذباتی پیغام کے ساتھ ٹوئٹر پر شیئر کی۔ 
علی محمد خان نے اپنے پیغام میں لکھا ’ہر ممبر قومی اسمبلی کی سیٹ پر اس کا تقسیمی نمبرہوتا ہے۔ عمران خان کی وزیراعظم کی سیٹ پر موجود یہ تقسیمی نمبر ساتھ لے آیا ہوں۔ وہاں نہیں چھوڑا۔ اس کو اپنے پاس محفوظ کر لیا ہے اور جب خان صاحب دوبارہ وزیراعظم بنیں گے تو اپنے ہاتھ سے یہ دوبارہ لگاؤں گا انشاءاللہ۔۔۔‘ 


واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد علی محمد خان نے خطاب کرتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح کے ایک قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مجھے فخر ہے، خوشی ہے کہ میں عمران خان کے ساتھ ہوں، جس نے حکومت قربان کردی لیکن غلامی قبول نہیں کی۔آج آپ کے چہروں پر خوشی ہے، اللہ آپ کو ہمیشہ خوش رکھے۔ آج میری بطور پارلیمانی امور ڈیوٹی تمام ہوئی۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد 174 ووٹوں سے کامیاب ہوئی اور یوں وہ وزیراعظم کے عہدے سے فارغ ہو گئے جبکہ نئے قائد ایوان کا انتخاب 11 اپریل کو ہو گا جس کیلئے اسمبلی اجلاس کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ 

مزیدخبریں