کورونا کی تیسری لہر،7 اضلا ع کے ہسپتالوں میں اوپی ڈی بند کردی گئی

11:40 PM, 10 Apr, 2021

لاہور،: پنجاب میں  7 اضلاع کے سرکاری اسپتالوں میں او پی ڈی، سرجری بند کردی گئی ۔ محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کی طرف سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث کیا گیا ۔ 

مراسلے کے مطابق ان اضلاع میں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، گجرات، سیالکوٹ اور راولپنڈی شامل ہیں، تمام اسپتالوں میں صرف ایمرجنسی سرجریز کی جائیں گی۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ رہیں گی، اضلاع کے اسپتالوں کی او پی ڈی، سرجریز 10 روز تک بند کی گئی ہیں۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث فیصلہ کیا گیا ہے، 20 اپریل کے بعد او پی ڈی کھولنے یا بند رکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں کورونا کے 2628 کیسز رپورٹ ہوئے اور 57 مریض انتقال کرگئے، پنجاب کے کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 6908 تک جاپہنچی ہے۔

مزیدخبریں