این اے 75ڈسکہ میں مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا

11:16 PM, 10 Apr, 2021

سیالکوٹ: قومی اسمبلی حلقہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا ۔ این اے 75 ڈسکہ کے تمام 360 پولنگ سٹیشنوں کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج آگئے ۔ 

مسلم لیگ ن کی خاتون امیدوارنوشین افتخار110075 ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہوگئی ہیں ۔ جبکہ حکومتی امیدوار علی اسجد ملہی93433 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے ۔ 

مسلم لیگ ن کی کامیابی پر علاقے میں جشن کا سماں ہے ۔ ن لیگی کارکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں بھنگڑے ڈالے اور ایکدوسرے کو مبارکبادیں دیتے رہے ۔ اس موقع پر شیر اک واری فیر کے نعرے بھی گونجتے رہے ۔ 

نوشین افتخار کی کامیابی پر مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے سب کارکنوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ عوام کی جیت ہے اورن لیگ کے موقف کہ ووٹ کو عزت دو کی جیت ہے ۔ 

قبل ازیں این اے 75 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے پرامن طور پر جاری رہی اور کوئی ناخوش گوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ حلقہ میں پی ٹی آئی کے علی اسجد ملہی اور ن لیگ کی نوشین افتخار میں کانٹے کا مقابلہ ہوا جب کہ تحریک لبیک کے امیدوار خلیل سندھو نے بھی انتخابی عمل میں حصہ لیا ۔ 

ضمنی انتخاب کے دوران حلقہ میں عام تعطیل کی گئی جب کہ امن وامان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔

رینجرز اور پولیس کے دستوں کو تعینات کیا گیا۔ تین سو ساٹھ پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے جن میں سے 47 کو حساس قرار دیا گیا جب کہ شفاف اور پرامن انتخاب کے لیے چیف الیکشن کمشنر نے خود انتخاب کی نگرانی کی۔

مزیدخبریں