ملٹری اکیڈمی کاکول میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

08:51 PM, 10 Apr, 2021

اسلام آباد، پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 143ویں لانگ کورس ، انٹگریٹڈ کورس، مجاہد کورس، لیڈی کیڈٹ کورس اور بیسک ملٹری ٹریننگ کورس کا انعقاد کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مہمان خصوصی چیئر مین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو انعامات سے نوازا۔

اعزازی شمشیر اکیڈمی سینیئر انڈر آفیسر عبد الصمد خان خٹک نے حاصل کی، صدارتی گولڈ میڈل کمپنی سینیئر انڈر آفیسر وقاص خورشید، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اوورسیز گولڈ میڈل مالدیپ کے اسماعیل ہزووتھ سعید جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف چھڑی محمد غازان نے حاصل کی۔

تقریب سے خطاب میں جنرل ندیم رضا کا کہنا تھاکہ پاکستان امن کیلئے پرعزم ہے، پاکستان نے خطے کے امن کیلئے کردار ادا کیا ہے، آج پوری قوم دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف متحد ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا نوٹس لے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مہمان خصوصی نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو آئندہ چیلنجز سے آگاہ رہنے اور ان سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی تلقین کی، پاس آؤٹ ہونے والوں میں عراق، سری لنکا، مالدیپ اور نیپال کے کیڈٹس بھی شامل ہیں۔

مزیدخبریں