ڈسکہ الیکشن کے ہنگامے میں مولانا فضل الرحمن کا بڑا دھماکہ 

08:13 PM, 10 Apr, 2021

 اسلام آباد :اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے عید کے بعد ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں محمود خان اچکزئی نے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن کی صحت کے بارے میں دریافت کیا ،دونوں رہنمائوں نے ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا ،اس موقع پر محمود خان اچکزئی نے مولانا فضل الرحمن سے پی ڈی ایم کے آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق بھی گفتگو کی ،جس پر دونوں رہنمائوں نے عید کے بعد ملک  گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ۔

ذرائع کے مطابق دونوں سیاسی رہنماوں کی گفتگو کے دوران طے پایا کہ عید کے بعد ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کی جائے۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہمارا مقصد عمران خان کو ہٹانا نہیں، ہم فرسودہ نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں۔اس موقع پر فضل الرحمٰن اور اچکزئی نے اتفاق کیا کہ عید کے بعد کوئی ساتھ چلے یا نہ چلے، ہم حکمت عملی سے نکلیں گے۔

واضح رہے گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کاکہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں بلکہ پی ڈی ایم اب ختم ہو چکی ہے اور حکومت مدت پوری کرے گی جبکہ عمران خان اگلے الیکشن میں بھی ڈٹ کر مقابلہ کریںگے۔

انہوں نے مزید کہا پیپلز پارٹی کی قیادت سمجھدار ہے لیکن مسلم لیگ (ن) کو ہرزہ سرائی کی قیمت چکانا ہو گی اور یہ مولانا فضل الرحمن کیساتھ جتنا زور لگا لیں لیکن عمران خان 5 سال پورے اور اگلے الیکشن میں بھی ڈٹ کر مقابلہ کرے گا جبکہ وزیراعظم کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔

مزیدخبریں