پہلاٹی 20میچ،پاکستان نے جنوبی افریقہ کو چاروکٹوں سے شکست دے دی

پہلاٹی 20میچ،پاکستان نے جنوبی افریقہ کو چاروکٹوں سے شکست دے دی

جوہانبسرگ,پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ کو شکست دے دی ۔ ْ پاکستان نے جنوبی افریقا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان ہینرچ کلاسین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔جنوبی افریقی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے مرکرام 51، کپتان ہینرچ کلاسین 50 اور بلجون 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔پاکستان کی جانب سے محمد نواز اور حسن علی نے 2،2 جب کہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔

جوابی اننگ میں ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم نے کیا، دونوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا۔

 تاہم 41 کے مجموعی سکور پر بابر اعظم 14 رنز بنا کر ولیم کو کیچ دے بیٹھے، ہینڈرکس نے وکٹ حاصل کی۔ اس دوران فخر زمان اور محمد رضوان نے چند جارحانہ شارٹس کھیلے، دونوں کے درمیان 33 گیندوں پر 45 رنز کی پارٹنر شپ بنی جس کا اختتام تبریز شمسی نے کیا، فخر 27 سکور بنا کر کریز چھوڑ گئے۔

دیگر بیٹسمینوں میں محمد حفیظ 13، حیدر علی14، محمد نواز صفر، فہیم اشرف 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم نے ہدف آخری اوورز میں حاصل کیا۔ محمد رضوان 74 سکور کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ہینڈرکس نے تین جبکہ تبریز شمسی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان ٹیم میں کپتان بابراعظم ، فخرزمان ، محمد رضوان ، حیدرعلی،محمدنواز ،محمد حفیظ ، فہیم اشرف ، حسن علی ، شاہین شاہ آفریدی ، حارث رؤف اورعثمان قادر شامل ہیں۔

اس سے قبل پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پروٹیز کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں محمد رضوان ، فخرزمان، محمد حفیظ، حیدر علی، محمد نواز، فہیم اشرف سمیت حسن علی، عثمان قادر، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کو شامل کیا گیا ہے۔

اب تک دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے گئے ٹی ٹونٹی میچوں میں سے 9 میں جنوبی افریقہ جبکہ ‏‏8 میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی، اس تناظر میں یہ سیریز پاکستان کے لیے برتری حاصل کرنے ‏کا بہترین موقع بھی ہے۔

 آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان کی ٹیم فی الحال 260 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ ‏میزبان جنوبی افریقہ 251 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے.