اسلام آباد ، وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جرمن ہم منصب کی دعوت پر اتوار کو جرمنی روانہ ہوں گے۔تین روزہ دورہ جرمنی میں وہ پاک جرمن تعلقات کی سترویں سالگرہ میں بھی شرکت کریں گے ۔
ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی کل جرمنی روانہ ہو رہے ہیں، وہ جرمنی کے وزیر خارجہ کی دعوت پر 11 سے 13 اپریل تک دورہ کریں گے، دورے کے دوران جرمن ہم منصب کے ساتھ وفد کی سطح پر بات چیت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بات چیت کے دوران دونوں وزرائے خارجہ پاک جرمنی تعلقات کا جائزہ لیں گے، وزرائے خارجہ تجارت، سرمایہ کاری، صحت، دفاع، تعلیم اور سیاحت کے شعبوں پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجمان کے مطابق امسال پاکستان اور جرمنی سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ یورپی یونین میں جرمنی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ جرمنی میں ایک لاکھ سے زیادہ پاکستانی کمیونٹی موجود ہیں۔ جرمن وزیر خارجہ نے مارچ 2019 میں پاکستان کا دورہ کیا۔