ریاض، سعودی عرب میں تین غدارفوجیوں کو سزائے موت دے دی گئی ۔ مجرمان پر مملکت کے ساتھ غداری کا الزام ثابت ہواتھا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت دفاع نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے ساتھ غداری کا الزام ثابت ہونے پر مذکورہ افراد کو ان کی عسکری حیثیت کی بنا پر اور شرعی و قانونی تقاضے کی بنیاد پر سزائے موت دے دی گئی ہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ عسکری حلف وفاداری سے خیانت کرتے ہوئے فرسٹ سولجر محمد بن احمد بن یحییٰ عکام، فرسٹ سولجر شاہر بن عیسیٰ بن قاسم حقوی اور فرسٹ سولجر حمود بن ابراہیم بن علی الحازمی نے عسکری حیثیت میں ملک سے غداری کا ارتکاب کیا ہے۔
مذکورہ افراد نے وطن کو نقصان پہنچانے کے لیے دشمن کے ساتھ تعاون کا سنگین جرم کیا ہے، ملزمان کی جانب سے عدالت کے سامنے جرم کا اقرار کرنے کے علاوہ دیگر شواہد سے بھی ان پر الزام ثابت ہوا ہے۔
شرعی عدالت نے انصاف کے تمام تقاضے پورے کرنے کے بعد اور جرم ثابت ہونے پر انہیں سزائے موت کا فیصلہ سنایا ہے۔
بعد ازاں ایوان شاہی نے مذکورہ افراد کے خلاف عدالتی فیصلہ نافذ کرنے کی منظوری دی ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ مذکورہ افراد کو آج ہفتہ کے دن جنوبی علاقے کی چھاؤنی میں سزائے موت دی گئی ہے۔
وزارت نے فیصلے کے نفاذ کے ساتھ مسلح افواج سے وابستہ افراد کی وفاداری اور وطن کے لیے جان کی قربانی دینے کے جذبے کو سراہا ہے۔