ڈسکہ الیکشن :فردوس عاشق اعوان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس 

04:32 PM, 10 Apr, 2021

ملتان :ڈسکہ الیکشن میں معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق اعوان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر شوکا ز نوٹس بھیج دیا گیا ،الیکشن کمیشن کی طرف سے بھیجے گئے نوٹس میں فردوس عاشق سے کہا گیا ہے کہ انہوں نے ڈسکہ الیکشن سے قبل ہی پریس کانفرنس میں ترقیاتی پیکج کا اعلان کر کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہےکہ انہوں نے پریس کانفرنس میں حلقے کے لیے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے (ق) لیگ کے رہنما چوہدری سلیم باریار کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ سلیم باریار نے 9 اپریل کو حلقے کا دورہ کیا اور 50 کروڑکے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے,فردوس عاشق اعوان اور سلیم باریارکو 2  دن کے اندر جواب داخل کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری طرف فردوس عاشق اعوان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا  مسلم لیگ ن والے جھوٹ کی سیاست کے بانی اور موجد ہیں ،یہ ہمیشہ جھوٹ بول کر اورعوام کو گمراہ کر کے ہی اقتدار کے ایوانوں تک پہنچی ہے ،ن لیگ کا بیانیہ جھوٹ اور منافقت پر مبنی ہے ،جانتے ہیں مسلم لیگ (ن) کو اپنی یقینی شکست نظر آرہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھامسلم لیگ (ن) کے لوگ اپنی ہزیمت کو مٹانے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں،ڈسکہ میں اس وقت شفاف الیکشن ہو رہے ہیں،وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں الیکشن میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے،وزیراعظم الیکشن کمیشن کو آزادانہ اور منصفانہ بنانا چاہتے ہیں،ووٹر کا یہ استحقاق ہے وہ جسے مرضی چاہے ووٹ دے۔

مزیدخبریں