ڈسکہ: سیکرٹری الیکشن کمیشن ڈاکٹر اختر نذیر چیف الیکشن کمشنرکی ہدایت پر سیالکوٹ پہنچ گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے ضمنی الیکشن سے متعلق شکایات کے فوری ازالےکی ہدایت کی ہے۔
نیو نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈسکہ تمام انتظامات کا خود جا کرجائزہ لیں۔
چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجا خود صوبائی الیکشن کمیشن پنجاب کےدفتر سےنگرانی کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ اور صوبائی الیکشن کمیشن میں بھی شکایات سیل بنائے گئے ہیں۔ مانیٹرنگ کیلئے ڈسکہ میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ این اے 75 پر الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی الیکشن کالعدم قرار دیے جانے کے بعد دوبارہ الیکشن ہو رہا ہے جس میں پی ٹی آئی کےعلی اسجد ملہی اور (ن) لیگ کی نوشین افتخارمیں کانٹےکا مقابلہ ہے۔
حلقےمیں کل ووٹرزکی تعداد 4 لاکھ 94ہزارہے جن کے لیے 360 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جب کہ الیکشن میں سکیورٹی کے لیے پولیس کے 4100 سے زائد اور رینجرز کے ایک ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ پاک فوج کی 10 ٹیمیں کوئیک رسپانس فورس کےطورپرموجودرہیں گی۔
انتظامیہ نے ضمنی الیکشن کے موقع پر حلقے میں دفعہ 144 نافذ کررکھی ہے جس کے باعث لائسنس یا بغیر لائسنس یافتہ اسلحہ کی نمائش کی اجازت نہیں ۔
عام انتخابات 2018 میں (ن) لیگ کے افتخار الحسن عرف ظاہرشاہ کامیاب ہوئےتھے اور ان کی وفات کے بعد یہ نشست خالی ہوئی۔