آپ کا حمایتی کوئی رکن اسمبلی حلقے میں نہ آئے: ڈی ایم او کا نوشین افتخار اور اسجد ملہی کو فون

09:31 AM, 10 Apr, 2021

ڈسکہ: این اے 75 ڈسکہ کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے مسلم لیگ نون کی امیدوار نوشین افتخار اور پی ٹی آئی کے امیدوار علی اسجد ملہی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

نیو نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کا کہنا ہے کہ نوشین افتخار اور علی اسجد ملہی کو ٹیلی فون کیا اور ہدایت کی کہ ان کا حمایتی کوئی رکن اسمبلی حلقے میں داخل نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی رکن اسمبلی حلقے میں آیا تو سخت ایکشن ہو گا ،اسلحہ کی نمائش پر زیرو ٹالرنس ہوگی۔

واضح رہے کہ ڈسکہ میں ضمنی انتخاب میں پولنگ کا عمل جاری ہے  جو شام پانچ بجے تک بلاتعطل جاری رہے گا۔حلقے سیکورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔ پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکار بھی تعینات ہیں جبکہ فوج کو سٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔

این اے 75 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی طرف سے نوشین افتخار اور تحریک انصاف کی جانب سے علی اسجد ملہی امیدوار ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی امیدوار نوشین افتخار کی جانب سے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈسکہ شہر کی تمام اہم سڑکوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں۔

مزیدخبریں