سلیکان ویلی: دنیا کے مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’فیس بُک‘‘ کے بانی اور سربراہ مارک زکربرگ نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ادارہ اپنے ہر ملازم کو 1,000 ڈالر (1 لاکھ 60 ہزار پاکستانی روپے) بطور بونس دے گا تاکہ وہ کورونا کی عالمی وبا کا بہتر طور پر مقابلہ کرسکے اور اپنے اہلِ خانہ کا خیال رکھ سکے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں فیس بُک ملازمین کی مجموعی تعداد 190,000 ہے جس میں کم از کم 45,000 کل وقتی ملازمین بھی شامل ہیں۔ مارک زکربرگ کی جانب سے یہ اعلان دنیا بھر میں فیس بُک کے کُل وقتی ملازمین کےلیے کیا گیا ہے۔ جزوقتی (پارٹ ٹائم) اور کنٹریکٹ ملازمین کےلیے ابھی تک فیس بُک کی جانب سے کوئی واضح اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔
فیس بُک ملازمین کے نام اپنے پیغام میں مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ ان کی کمپنی اپنے ملازمین کو اضافی چھٹیاں دینے پر بھی غور کررہی ہے تاکہ وہ اپنے گھر والوں کے ساتھ رہ سکیں اور ان کا خیال رکھ سکیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2020 کے پہلے ششماہی جائزے میں فیس بُک کے کُل وقتی ملازمین کو ’’اضافی‘‘ ریٹنگ دی جائے گی، یعنی وہ حالیہ ششماہی کے اختتام پر زیادہ بونس کے اہل قرار پائیں گے۔