لندن: دی آرگنائزیشن آف پیٹرولیم ایکسپورٹنگ کنٹریز (اوپیک) اور اتحادیوں یعنی اوپیک پلس کے اجلاس میں تیل کی پیداوار ایک کروڑ بیرل یومیہ کم کرنے پر اتفاق ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اوپیک پلس اجلاس میں مئی اور جون کے لیے تیل کی پیداوار 10 کروڑ بیرل یومیہ کم کرنے پر اتفاق ہوا ہے جسے جولائی سے سال 2020 کے آخر تک 80 لاکھ بیرل یومیہ تک برقرار رکھا جائے گا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق دیگر پیداواری ملکوں نے بھی 50 لاکھ بیرل یومیہ کمی کا منصوبہ بنایا ہے۔
اوپیک پلس اجلاس میں تیل کی پیداوار میں کمی پر اتفاق کے باجود دوران ٹریڈنگ تیل و گیس قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔
ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 10 فیصد کمی کے ساتھ تقریباً 23 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کرتا رہا جب کہ برینٹ خام تیل 4 فیصد کمی سے ساڑھے 31 ڈالر فی بیرل ہے۔ اس کے علاوہ گیس قیمت میں بھی 3 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔
آئل اینڈ گیس کی قیمتوں پر گہری نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور روس کی جانب سے تیل کی پیداوار میں کمی پر رضامندی کے باوجود عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں کمی میکسیکو کے واک آؤٹ کے سبب ہوئی۔
قبل ازیں سعودی عرب اور روس کے تیل کی پیداوار میں کمی کے معاملے پر لفظی جنگ کے باعث اوپیک کا اجلاس بھی تاخیر کا شکار ہو گیا تھا۔