کراچی: سندھ حکومت نے شہریوں کو نماز جمعہ گھروں میں ادا کرنے کی ہدایت کر دی۔ صوبے میں دن 12 سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن ہو گا۔ پنجاب، خیرپختونخوا اور بلوچستان میں صرف 3 سے 5 افراد کو مساجد میں جانے کی اجازت ہو گی۔
لاہور سمیت پنجاب میں بھی نماز جمعہ کی مناسبت سے آج سخت ترین اقدامات کئے گئے ہیں۔ عوام کو نماز گھر میں ہی ادا کر نے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی عوام کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور انہیں نماز گھروں پر ہی ادا کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
ادھر وزیراعظم نے 14 اپریل کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کا عندیہ دیدیا۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ پابندیوں سے پورا ملک متاثر ہو رہا ہے، کون کون سے شعبے کھولنے ہیں اس پر غور کریں گے۔
سندھ حکومت نے بھی 14 اپریل کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے پرغور شروع کر دیا۔ کمشنر کراچی کے مطابق 15 اپریل سے مارکیٹس، دکانیں اور انڈسٹری کھولنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کر دی گئی۔ ڈرائی کلینرز کی دکانیں کھولنے کی اجازت مل گئی اور دکان داروں کو ضلعی انتظامیہ کے جاری حفاظتی اقدات کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔