اسلام آباد: شاہ محمود قریشی نے نے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کے نام پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی سفارتخانے محصور پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد کے لیے کوشاں ہیں، ہنگامی اقدامات اس صورت حال سے نبرد آزما ہونے کیلئے ناکافی ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا بدقسمتی سے صوبائی حکومتیں آپ کی واپسی کیلئے تعاون نہیں کر رہیں، صوبائی حکومتوں سے اپیل ہے کہ وہ وسیع تر قومی مفاد میں یک جان ہو جائیں۔ انہوں نے کہا دوسری جنگ عظیم کے بعد دنیا نے اتنا بڑا چیلنج نہیں دیکھا، کورونا پھیلاؤ کو روکنے کیلئے 21 مارچ کو فضائی حدود بند کی۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا دبئی، دوحہ، استنبول، تاشقند، بینکاک، کوالالمپور میں پاکستانی محصور ہو گئے۔ زیادہ تشویش خلیجی ممالک میں موجود پاکستانیوں کی ہے۔ ان ممالک میں ہماری افرادی قوت ذرائع آمدن سے محروم ہو گئی، بھرپور کوششوں کے بعد 1600 پاکستانی وطن واپس آ چکے ہیں اور تقریباً 40 ہزار پاکستانی وطن واپسی کے منتظر ہیں۔