لاہور:گرمی کے موسم کا آغاز ہو چکا ہے اور اس کے اثرات سے بچنا بہت ضروری ہے ۔
ماہرین کے مطابق ،گرمیوں میں ایسی اشیاءکا استعمال کرنا چاہیے جو جلد زودہضم ہوں ۔ اس موسم میں ایسے پھلوں اور اشیاءکا استعمال بہت ضروری ہے جن سے آپ اپنے جسم کو پانی کی کمی سے بچا سکیں۔
اگر آپ اپنے وزن پر کنٹرول بھی رکھنا چاہتے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ موسم گرما کے لوازمات سے بھی لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں تو قدرت کی عطا کردہ نعمتوں میں سے تربوز ایک ایسا پھل ہے جو کہ 90 فیصد پانی پر مشتمل ہے ،اس میں کثیر تعداد میں غذائی اجزاءپائے جاتے ہیں یہ وزن کم کرنے والے افراد کے لئے بہترین ہے۔
کھیراسلاد کا ایک اہم جزو ہے ،یہ ہر عمر کے افراد کے لئے بہترین ہے ۔اس میں 95 فیصد پانی پایا جاتا ہے،یہ آئرن اور میگنیشیم سے بھرپور ہے۔یہ گرمیوں کے موسم میں آپ کو چست و توانا رکھتا ہے۔پالک کا استعمال صحت کے لئے بہترین ہے ،خون کی کمی والے افراد کو اس کا بکثرت استعمال کرنا چاہیے۔ٹماٹر وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس کا خزانہ ہیں جو آپ کو لمبے عرصے تک صحت مند رہنے میں مدد دیتے ہیں۔
دہی کا استعمال بھی گرمی کے موسم میں ٹھنڈک پہنچانے کا بہترین ذریعہ ہے اسے سلاد کے ساتھ یا مختلف سبزیوں کے ساتھ ملا کر استعمال کرنا مفید ہے۔