لاہور:ماڈلنگ کی شوقین اور گھر والوں سے ناراض ہوکر کراچی سے لاہور آنیوالی 22 سالہ ماڈل اقرا سعید کو لاہور میں مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا۔
لاہور پولیس کے مطابق گلشن راوی کے رہائشی 3 افراد عثمان،حسن بٹ اور عمر رضا بٹ نے 22 سالہ اقرا سعید کو دو دن پہلے بے ہوشی کی حالت میں شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتا ل داخل کرا یا اور فرار ہوگئے۔
دوران علاج ہسپتال میں اقرا کی موت واقع ہوگئی، جبکہ ڈاکٹروں نے بتایا کہ اقرا کو نشہ آور چیزکھلائی گئی ،جس سے اس کی ہلاکت ہوئی۔پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر کے مقدمے کے اندراج کے بعد تفتیش شروع کر دی ہے، ماڈل اقرا کا تعلق کراچی سے بتایا گیا ۔ لاہورپولیس نے کہا کہ اقرا کی اپنے اہلخانہ سے بھی چپقلش چل رہی تھی۔اقرا کے موبائل نمبر کی سی ڈی آر پولیس نے حاصل کر لی۔
سی ڈی آر سے پتہ چلایا جائے گا کہ اقرا کے کس کس سے رابطے تھے۔ اقرا کے موبائل نمبر کے ذریعے اس کے مبینہ قتل سے پچھلے دن کی لوکیشن بھی چیک کی جائے گی۔پولیس کے مطابق ملزمان میں سے کسی بھی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا مقدمہ میں نامزد تینوں ملزمان نے عبوری ضمانتیں کروا رکھی ہیں۔اقرا کا تاحال پوسٹ مارٹم بھی نہ کروایا جا سکا۔
مردہ خانے کے عملے کا کہنا ہے کہ اقرا کے لواحقین کے ڈیڈ ہاوس پہنچنے کے بعد ہی پوسٹ مارٹم کا عمل شروع کیا جائے گا۔پوسٹ مارٹم میں پتہ چلایا جائے گا کہ اقرا کی ہلاکے کی وجہ کیا بنی؟ ایف آئی ی آر کے مطابق اقرا کو شدید نشے کی حالت میں ہسپتا ل منتقل کیا گیا تھا۔ملزمان ہسپتا ل منتقل کرنے کے بعد موقع سے غائب ہو گئے تھے۔