نیب نے امیر مقام کی اربوں روپے مالیت کی جائیدادوں کا کھوج لگا لیا

11:21 PM, 10 Apr, 2018

اسلام آباد (آن لائن) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے حکم پر ’’ڈائریکٹر جنرل ‘‘نیب کے پی کے نے مسلم لیگی رہنماء اور کرپشن و بدیانتی پر نااہل ہونے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی امیر مقام کی اربوں روپے مالیت کی جائیدادوں کا کھوج لگا لیا ہے۔

امیر مقام نے سیاست میں آنے کے بعد اور بالخصوص نواز شریف اور مریم نواز کے ساتھ قرابت بڑھا کر ملک بھر میں اربوں روپے مالیت کی جائیدادیں بنائی ہیں۔ جن کے بارے میں نیب نے تحقیقات کا باضابطہ اعلان کر رکھا ہے اور امیر مقام سے آمدن سے زائد اثاثے بنانے بارے جواب بھی طلب کر رکھا ہے۔ معتبر ذرائع سے ملنے والی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں امیر مقام نے اربوں روپے مالیت کی 10 عدد جائیدادیں خریدی ہیں یہ جائیدادیں اسلام آباد، پشاور، مالم جبہ اور سوات میں پھیلی ہوئی ہیں جبکہ بیرون ملک جائیدادوں کا بھی سراغ لگایا جارہا ہے۔

امیر مقام نے اربوں روپے مالیت کی یہ جائیدادیں سیاست میں آنے کے بعد بنائی ہیں سیاست میں آنے سے پہلے امیر مقام سوات کے یونین کونسلوں میں گلی اور نالوں کی تعمیر کے ٹھیکیدار تھے جبکہ مشرف دور میں اقتدار میں آنے کے بعد امیر مقام کے اثاثوں کی مالیت میں کئی گناہ اضافہ ہوا، جس کی تحقیقات نیب حکام کرنے میں مصروف ہیں۔ ابتدائی طور پر امیر مقام کی چھ محلات اسلام آباد میں ایک بنگلہ لاہور میں ایک بنگلہ پشاور کے پوش علاقوں میں موجود ہے جبکہ امیر مقام کے بینکوں میں پڑی دولت اور بیرون ممالک جائیدادوں کا بھی کھوج لگایا جارہا ہے۔

امیر مقام انتخابات ہارنے کے باوجود گزشتہ چار سالوں میں حکومت کے اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے ہیں نااہل وزیراعظم نواز شریف اور خاقان عباسی کے مشیر کا عہدہ رکھتے ہیں اس کے علاوہ مریم نواز کے بھی انتہائی قریبی ساتھی ہیں۔

مزیدخبریں