نئی دہلی: کویت میں نئے قوانین کے پیش نظر 40 ہزار کے قریب بھارتی انجینئروں کو وطن واپسی کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔
بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق کویت میں نافذ کئے گئے نئے قوانین محنت کے مطابق ہر انجینئر کو اپنا روزگار جاری رکھنے کے لئے کویتی انجینئرنگ کونسل سے این او سی حاصل کرنا ہوگا۔ کونسل کی جانب سے جاری این او سی کے بعد بھارتی انجینئروں کے اقامہ کی تجدید کی جاسکے گی۔
دوسری جانب اس ضمن میں کویتی اخبار کا کہنا ہے کہ کویت میں مقیم بھارتی انجینئروں کی اسناد کو انتہائی باریک بینی سے جانچ کے مراحل سے گزارا جائے گا جس کے بعد ان ہی انجینئرز کو این او سی جاری کیا جائے گا جنہوں نے بھارت کے مستند اداروں سے تعلیم حاصل کی ہوگی۔