اسلام آباد:نیپرا نے کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کرنے کا اعلان کر دیا , نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے کراچی میں بجلی فراہم کرنے کے ذمہ دارادارے کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لے لیا۔
نیپرا نے شدید گرمی میں بجلی کی عدم دستیابی کے ستائے شہریوں کی سُن لی اور گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی تحقیقات کا اعلان کر دیا۔
نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ نیپرا نے لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے کے الیکٹرک کی رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ۔تحقیقاتی کمیٹی 11 سے 13 اپریل تک کراچی کا دورہ کرے گی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی عوامی شکایات کا جائزہ لے گی۔
واضح رہے کہ شہر میں درجہ حرارت بڑھتے ہی مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا ہے ، دن اور رات کے اوقات میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بجلی کی بندش نے شہریوں کو دہرے عذاب میں مبتلا کر دیا ہے۔